بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چالان سے دلبرداشتہ رکشہ ڈرائیور بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا 

لاہور کے مصروف علاقے فیروزپور روڈ پر اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک رکشہ ڈرائیور ٹریفک پولیس کے چالان سے دلبرداشتہ ہو کر بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ٹریفک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر رکشہ ڈرائیور کو دو ہزار روپے کا چالان تھما دیا۔ ڈرائیور نے منت سماجت کرتے ہوئے پولیس اہلکار سے کہا کہ وہ پہلے ہی مالی مشکلات کا شکار ہے، گھر کرائے کا ہے اور کھانے کے بھی پیسے نہیں، اس لیے چالان معاف کر دیا جائے۔ تاہم، اہلکار نے چالان کرنے پر اصرار کیا، جس پر دل برداشتہ ہو کر ڈرائیور کھمبے پر چڑھ گیا۔
موقع پر موجود شہریوں نے بتایا کہ وہ اسے مسلسل منع کرتے رہے کہ وہ ایسا انتہائی قدم نہ اٹھائے، مگر اُس نے کسی کی نہ سنی۔ جب ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے اُسے نیچے اتارنے کی کوشش کی، تو اُس نے دھمکی دی کہ اگر زبردستی کی گئی تو وہ چھلانگ لگا دے گا۔
رکشہ ڈرائیور کا بیٹا بھی موقع پر موجود تھا، لیکن تاحال کسی قریبی عزیز سے اس کی بات نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے کراچی میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں چالان سے تنگ آ کر ایک رکشہ ڈرائیور نے اپنی نبض کاٹ لی تھی۔