برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام ایک خط میں متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے برطانیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اپنے خط میں سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان اور پاکستانی عوام سے اس سانحے پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم جانتے ہیں کہ حالیہ مون سون نے کس قدر تباہی پھیلائی ہے، اور اس مشکل وقت میں برطانوی عوام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں مقیم خاندانوں کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانی نژاد شہری بھی اس صورتحال سے گہرے طور پر متاثر ہوئے ہیں، اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود جس جذبے سے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں، وہ قابلِ ستائش ہے۔
سر اسٹارمر نےکہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ برطانوی حکومت نے فوری طور پر پاکستان کی مدد کی ہے، اور وہ آئندہ بھی متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستانی ہم منصب کو خط، سیلاب زدگان کیلئے مدد کی یقین دہانی








