بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب سے جانی نقصان کے بعد متاثرین نفسیاتی مسائل کا شکار

ضلع بونیر میں حالیہ تباہ کن سیلاب نے جہاں سینکڑوں زندگیاں نگل لیں، وہیں پیچھے رہ جانے والے افراد اب شدید ذہنی و جذباتی صدمے سے دوچار ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھو دینے والے کئی افراد نیند نہ آنے، بھوک نہ لگنے اور بار بار ہولناک مناظر یاد آنے جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد اُن کی زندگی ایک بھیانک خواب بن چکی ہے، اور وہ بار بار انہی لمحوں میں لوٹ جاتے ہیں جب اُن کے سامنے سب کچھ تباہ ہو گیا۔

متاثرین کی ذہنی صحت کو سہارا دینے کے لیے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال سے ماہرینِ نفسیات کی ایک ٹیم بونیر پہنچ چکی ہے۔ ٹیم کے سربراہ کے مطابق، یہ قدرتی آفت نہ صرف براہِ راست متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے علاقے کے مکینوں کی ذہنی حالت پر اثر انداز ہوئی ہے۔

طبی ماہرین متاثرین کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اس ذہنی دباؤ اور صدمے سے نکلنے کے لیے پیشہ ورانہ کاؤنسلنگ سے مدد لیں، تاکہ وہ معمول کی زندگی کی طرف واپس آ سکیں۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب سے بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، درجنوں زخمی ہیں، بےشمار مکانات منہدم ہو چکے ہیں اور مال مویشی بھی بڑی تعداد میں سیلابی پانی میں بہہ گئے۔