وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نے حالیہ جنگ میں بھارت کو مؤثر انداز میں شکست دی، اور اس کامیابی نے نہ صرف سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت بھی ملی۔
وہ کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جاتے تھے، بعض حلقے تو پاکستان کو عالمی سطح پر ختم شدہ ملک کے طور پر دیکھ رہے تھے، لیکن اس جنگ نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستانی قوم متحد اور بیدار ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فلور پر انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ وقت اتحاد اور قومی یکجہتی کا ہے۔ “ہم نے ایک بیانیہ کی جنگ کا آغاز کیا جس میں دشمن کے پاس وسائل، افرادی قوت اور بین الاقوامی لابنگ کی طاقت ضرور تھی، مگر ہمارے پاس سچائی کی طاقت تھی، اور یہی سچ دشمن کو شکست دینے کا سبب بنا،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے کاکول میں دیے گئے خطاب میں پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش نے پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت بخشی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے اس دوران ایک جدید “ڈیجیٹل وار روم” قائم کیا جس نے بیانیہ کی جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطہ رکھا گیا اور عالمی میڈیا میں پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی گئی۔ “یہ جنگ صرف فوج نے نہیں لڑی بلکہ وزارت اطلاعات، آئی ایس پی آر اور پاکستانی میڈیا نے مل کر لڑی،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ جب دشمن کراچی پورٹ کو نقصان نہ پہنچا سکا تو اس نے لاہور اور ملتان کی خیالی پورٹس کو تباہ کرنے کا جھوٹ گھڑا، لیکن پاکستانی میڈیا نے بھرپور طریقے سے ریاستی بیانیہ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے ایئر فورس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا اور نیوی کے جوان بھی ہمہ وقت دفاع وطن کیلئے تیار رہے۔ “اگر ضرورت پڑی تو آپریشن دوارکا کی تاریخ کو دوبارہ دہرایا جائے گا،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے رات کے اندھیرے میں ہونے والے حملے کا فجر کے وقت بھرپور جواب دیا، اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی۔ “اللہ تعالیٰ نے جنگ سے پہلے، جنگ کے دوران اور اس کے بعد پاکستان کو عزت اور وقار سے نوازا،” وزیر اطلاعات کا کہنا تھا۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید انکشاف کیا کہ یوٹیوب چینلز کی بندش کے بعد پاکستان کے اشتہارات بھارت میں دکھائے گئے، جس سے دشمن کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے CPNE سمیت تمام میڈیا اداروں کیلئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں، اور حکومت آزادی صحافت اور قومی سلامتی کے بیچ ایک توازن برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔









