مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 13 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 5.5 کروڑ روپے) امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے 7 اضلاع میں خرچ کی جائے گی، جہاں مون سون کے باعث شدید نقصان ہوا ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق، اس امدادی رقم سے 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا، جن میں محفوظ پانی، خیمے، خوراک اور بنیادی طبی سہولیات شامل ہیں۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ برطانوی امداد تیزی سے متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم پاکستان کی قومی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ لوگوں کو جلد از جلد مدد مل سکے۔ ہمارا مقصد صرف وقتی امداد نہیں بلکہ پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے زیادہ مضبوط بنانا ہے۔”
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ برطانیہ، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔









