بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا سب سے مضبوط شراکت دار اور قابلِ اعتماد دوست رہا ہے، اور دونوں ملکوں کی دوستی کسی صورت کمزور نہیں ہو سکتی۔

ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان روایتی تعلقات اٹوٹ اور ناقابلِ شکست ہیں۔ بدلتے ہوئے عالمی حالات اور غیر یقینی صورتحال میں بھی یہ دوستی وقت کے ہر امتحان پر پوری اُتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

چین کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کو اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہیے تاکہ نہ صرف دونوں ملکوں کو فائدہ ہو بلکہ پورا خطہ اس منصوبے کے ثمرات حاصل کر سکے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر تزویراتی ہم آہنگی بڑھانے، معاشی تعاون کو فروغ دینے اور سکیورٹی و دفاع کے شعبوں میں قریبی اشتراک جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ 20 سے 22 اگست 2025 تک جاری رہا۔ اس دوران چھٹے پاک۔چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اجلاس بھی منعقد ہوئے جس میں اقتصادی تعاون، علاقائی سکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے، اور چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔