اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکزی رہنما اور بین الصوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج زاہد ملک نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
زاہد ملک نے کہا کہ نئے صوبے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی ہوگی اور بہتر گڈ گورننس کے ذریعے عوامی شکایات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ملک سے فرسودہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور ایک نیا انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
ایم کیو ایم رہنما کے مطابق حالیہ سیلابی تباہ کاریوں سمیت عوام کو درپیش دیگر بڑے مسائل نے واضح کر دیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل ناگزیر ہو چکی ہے۔









