لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو پوری تنخواہ نہ ملنے پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹرز کو فائنل وارننگ جاری کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے کم از کم مقررہ تنخواہ نہ دینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور واضح ہدایت کی کہ صوبے کے تمام شہروں میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کو کم از کم تنخواہ کی مکمل ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
مریم نواز نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام کو سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی جگہ پر ورکرز کو کم تنخواہ دینے کی شکایت موصول ہوئی تو ذمہ دار کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









