پشاور (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز باڈی بلڈر اعجاز احمد نے ایک اور شاندار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے وطن عزیز کا پرچم بلند کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد نے تھائی لینڈ میں ہونے والی 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے ماسٹر کلاس کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

یہ پاکستان کے لیے اس ایونٹ میں دوسرا سونے کا تمغہ ہے جس نے شائقین اور کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے اعجاز احمد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:
“خیبرپختونخوا پولیس کے جوان نہ صرف ملک کا دفاع کر رہے ہیں بلکہ کھیلوں سمیت ہر میدان میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔”

اعجاز احمد کی یہ کامیابی پاکستانی کھلاڑیوں کے عزم، محنت اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے لوہا منوانے کی عکاسی کرتی ہے۔









