بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپوزیشن لیڈر کے لیے پی ٹی آئی کے پانچ امیدوار، فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اہم پیش رفت کرتے ہوئےپانچ امیدواروں کے نام پارٹی کےبانی چیئرمین عمران خان کو بھیج دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ نام پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے مرتب کیے، جو بانی چیئرمین کو ان کی آئندہ وکلاء یا اہل خانہ سے ملاقات کے دوران پیش کیے جائیں گے، اور وہی ان میں سے کسی ایک کو حتمی طور پر اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کریں گے۔ زیر غور امیدواروں کے نام یہ ہیں معین ریاض قریشی، علی امتیاز وڑائچ،اعجاز شفیع، شیخ امتیاز، رانا شہباز۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی خواہش ہے کہ یہ فیصلہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل کر لیا جائے تاکہ اپوزیشن کی مؤثر نمائندگی ممکن بنائی جا سکے۔
قومی سطح پر نامزدگیاں مؤخر، اندرونی اختلافات بھی زیرِ بحث
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نےقومی اسمبلی اور سینیٹ میں قائدِ حزب اختلاف کی نامزدگیاں مؤخر کر دی تھیں۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق محمود خان اچکزئی (قومی اسمبلی) ،اعظم سواتی (سینیٹ) کی نامزدگیاں اس وقت تک روکی گئی ہیں جب تک عمر ایوب اورشبلی فراز کی اپیلوں پر عدالت کا فیصلہ سامنے نہیں آ جاتا۔
پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہےکہ پارٹی قیادت اپنے موجودہ اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ کھڑی ہے، لیکن بانی چیئرمین عمران خان نے آئندہ کے لیے کچھ نئے نام بھی تجویز کیے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ عدالت کا فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا۔
پارٹی کے اندر مشاورت یا اختلاف؟
قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کے عمران خان کے فیصلے پرپارٹی کے اندر مختلف آراء بھی سامنے آئیں۔ کئی رہنماؤں نے اعتراض کیا کہ پارٹی کے پاس اپنے اہل امیدوار موجود ہیں جنہیں ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ کچھ اراکین کا مؤقف تھا۔
عمران خان کا فیصلہ ہی حتمی اور قابلِ عمل ہونا چاہیے
یہ صورتِ حال واضح کرتی ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف عدالتوں کے فیصلوں کی منتظر ہے، اور دوسری طرف ایوانوں میں اپنی مؤثر موجودگی کے لیے متحرک بھی ہو چکی ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جو پارٹی کی اندرونی حکمتِ عملی اور سیاسی چالوں پر بھی اثرانداز ہوگا۔