بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مصطفیٰ عامر قتل کیس، تشدد کے کمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی

مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس نے تحقیقات کو نیا رخ دے دیا ہے۔ نوجوان مصطفیٰ پر تشدد کیے جانے والے کمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں کئی اہم شواہد دیکھے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں ملزم ارمغان کے ملازم، ذوہیب کو کمرے میں موجود خون صاف کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں ذوہیب ایک برش اور بوتل میں موجود کیمیکل کی مدد سے فرش پر لگے خون کے نشانات مٹاتا دکھائی دے رہا ہے۔
تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم ارمغان نے رات تقریباً ڈیڑھ بجے اپنے ملازم سے کمرے کی صفائی کروائی۔ یہ فوٹیج اب پولیس ریکارڈ کا حصہ بنا لی گئی ہے اور کیس میں مضبوط ثبوت کے طور پر شامل کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق،ملازم ذوہیب نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اس نے مصطفیٰ کا خون صاف کیا۔ اب اسے ملزم ارمغان کے خلاف اہم گواہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ واقعے کو چھپانے کی منظم کوشش کی گئی، تاہم جدید شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بدولت اصل حقائق سامنے آ رہے ہیں۔