بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کور کمانڈر کے یونیفارم کی توہین کرنیوالے مظلوم بننے کی کوشش نہ کریں، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد خود کو مظلوم ظاہر کر کے چادر اور چار دیواری کی دہائی نہ دیں، کیونکہ یہ اصول سب کے لیے برابر ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس بھی کسی کا گھر ہے، وہاں بھی پرائیویسی کی پامالی ہوئی، تو کیا چادر اور چار دیواری کا احترام صرف تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے ہے، دوسروں کے لیے نہیں؟
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بعض افراد ہر الزام کو مریم نواز کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، جیسے کہ وہ خود خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کو پناہ دے رہی ہوں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب یہ پی ٹی آئی کی حکومت نہیں، جہاں فیصلے کسی ایک فرد کی مرضی سے ہوتے تھے، بلکہ یہ مریم نواز کی قیادت میں قائم حکومت ہے جہاں تمام ادارے آزاد اور خودمختار ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ 9 مئی کے مقدمات میں جو لوگ نامزد اور مطلوب ہیں، اُنہیں قانون کے مطابق گرفتار ہونا چاہیے۔ اشتہاری اور مفرور افراد کو پکڑنا کسی کی ذاتی خواہش نہیں بلکہ ریاستی قانون کا تقاضا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ قانون سے بالا کوئی نہیں، اور ریاستی اداروں کی توہین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اپیل کی کہ قانون کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے دیے جائیں۔