بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نویں جماعت کی طالبہ اغوا، پولیس متحرک

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نویں جماعت کی ایک طالبہ اسکول جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئی۔ پولیس کے مطابق بچی صبح تقریباً سوا سات بجے اپنے گھر سے اسکول کے لیے روانہ ہوئی تھی، مگر اس کے بعد سے اس کا کوئی پتا نہ چل سکا۔
ہربنس پورہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے دوران اسکول اور علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی ہے، جس میں برقعہ پہنے ایک لڑکی کو اکیلے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ وہی طالبہ ہے جس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔
طالبہ کے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے، اور وہ شدید پریشانی کے عالم میں ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد کی مدد سے لڑکی کی تلاش جاری ہے۔ اہل خانہ نے عوام سے بھی درخواست کی ہے کہ اگر کسی کو طالبہ کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر قریبی تھانے سے رابطہ کریں۔