بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش، مارگلا ہلز کے ٹریلز بند

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد مارگلہ ہلز کے ٹریل دو، تین، چار اور پانچ سمیت سید پور گاؤں کے عقب میں ٹریل آج بند رکھے گئے ہیں۔

بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ بہارہ کہو کے علاقے اٹھال چوک پانی میں ڈوب گیا، گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ راول ڈیم کے اسپل وے بھی کھول دیے گئے ہیں۔

ڈی آئی خان میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے اور بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔ مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہے۔

پشاور، مردان، شمالی و جنوبی وزیرستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی۔ اسکردو میں آج سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مقامی افراد اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔ دریائے گلگت میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے باعث دریا کنارے واقع ہوٹلز اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے 30 اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔