بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غذر ، برفانی پہاڑ کے ٹکڑے گرنے سے بنی جھیل کی سطح میں 8 فٹ تک کمی

گلگت(ویب ڈیسک)ضلع غذر کے گاؤں تالی داس میں برفانی پہاڑ کے ٹکڑے گرنے سے بننے والی 8 کلومیٹر طویل جھیل کے پانی میں اخراج شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سطح میں 8 فٹ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق 3 روز قبل برفانی جھیل پھٹنے سے خوفناک سیلابی ریلا آیا تھا جس کے ملبے سے دریا کا بہاؤ رک گیا اور 8 کلومیٹر پر محیط جھیل وجود میں آگئی تھی۔ اب پانی کے اخراج کے باعث نشیبی علاقوں کو خطرہ لاحق ہے۔ اسی بنا پر گلگت میں کئی ہوٹل سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ دریا کنارے آباد گھروں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے بھی حفاظتی اقدامات کے طور پر دریائے گلگت کے کنارے موجود 8 اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات تھلپن دیامر میں تیز ہواؤں اور بارش سے 3 افراد زخمی ہوئے۔ استور کے گاؤں گدائے میں سیلاب سے 7 گھر متاثر ہوئے، جبکہ استور مشکن میں بارش کے باعث پھنسے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر گزشتہ شام سے بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔