لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ماضی کے سٹار بیٹسمین ظہیر عباس کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کی اہلیہ ثمینہ عباس نے لندن سے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز نے ظہیر عباس کی بہتر نگہداشت کے لیے انہیں آئی سی یو میں رکھا ہوا ہے اور گردے کے علاج کے لیے خصوصی مہارت رکھنے والے کسی دوسرے اسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اہلیہ ثمینہ عباس نے مزید بتایا کہ ظہیر عباس دبئی میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے، ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر لندن آئے تھے۔ جہاں اسپتال میں ڈائیلیسز پر ہیں اور انہیں آکسیجن بھی دی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ 74 سالہ ظہیر عباس کو گزشتہ اتوار دبئی سے لندن پہنچنے کے بعد نمونیا کے سبب ایمرجنسی میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔ ظہیر عباس کو اپنی شاندار بیٹنگ کے سبب ’ایشین بریڈمین‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ظہیر عباس کی طبیعت سنبھلنے لگی








