بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی کوہ پیماؤں نے ہندوکش کی بلند ترین چوٹی ترچ میر سر کرلی

چترال(نیوز ڈیسک) پاکستانی کوہ پیماؤں نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کی سب سے بلند چوٹی ترچ میر (7708 میٹر) سر کرلی اور چوٹی پر قومی پرچم لہرایا۔

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے مطابق گلگت بلتستان کے معروف کوہ پیما سرباز خان اور عابد بیگ نے کامیابی کے ساتھ چوٹی تک رسائی حاصل کی، جبکہ ٹیم کے دیگر پانچ ارکان 7300 میٹر کی بلندی تک پہنچنے کے بعد سخت موسمی حالات کے باعث واپس لوٹنے پر مجبور ہوئے۔

ٹیم میں ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی عمر خان، ڈاکٹر نوید اقبال، میجر محمد عاطف، شمس القمر اور اکمل نوید شامل تھے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری سطح پر ترچ میر چوٹی سر کرنے کے لیے باضابطہ اقدام اٹھایا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس کارنامے نے پاکستان کا نام ایک بار پھر دنیا میں بلند کر دیا ہے۔ حکومت نے کوہ پیماؤں کے لیے آئندہ دو برسوں تک رائلٹی فیس بھی معاف کر دی ہے تاکہ کوہ پیمائی کے فروغ کو مزید تقویت دی جا سکے۔