بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راجر فیڈرر دنیا کے ارب پتی ایتھلیٹس میں شامل

نیویارک (اسپورٹس ڈیسک) ٹینس کے عظیم سوئس اسٹار راجر فیڈرر دنیا کے 7 ارب پتی کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق فیڈرر کی دولت 1.1 ارب ڈالر ہے۔

فیڈرر نے 2022 میں ریٹائرمنٹ کے باوجود کاروباری معاہدوں اور اسپانسرشپس سے مسلسل کمائی کی۔ انہوں نے کیریئر میں ایک ارب ڈالر سے زائد کورٹ سے باہر ڈیلز سے حاصل کیے۔ سوئس جوتوں اور اسپورٹس وئیر برانڈ میں سرمایہ کاری نے بھی دولت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وہ 16 سال تک سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ٹینس پلیئر رہے۔ 2020 میں انہوں نے 106.3 ملین ڈالر کمائے جو دنیا بھر کے تمام ایتھلیٹس میں سب سے زیادہ تھے۔ اس سے قبل رومانیہ کے ایون تیریاک ٹینس کے واحد ارب پتی کھلاڑی تھے۔

دنیا کے دیگر ارب پتی ایتھلیٹس میں باسکٹ بال لیجنڈز مائیکل جورڈن، میجک جانسن، لیبرون جیمز، جونیئر برج مین اور گولف اسٹار ٹائیگر ووڈز شامل ہیں۔

فوربز کے مطابق رواں سال اسپین کے کارلوس الکاراز سب سے زیادہ کمانے والے فعال ٹینس پلیئر رہے جنہوں نے 48.3 ملین ڈالر کمائے۔ خواتین میں امریکی کوکو گوف نے 37.2 ملین ڈالر کے ساتھ دنیا کی سب سے زیادہ کمانے والی خاتون ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹاپ 10 ٹینس پلیئرز نے مجموعی طور پر 285 ملین ڈالر کمائے جو گزشتہ سال سے 16 فیصد زیادہ ہیں۔