سوات (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے سوات کے علاقے منگلور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی کیمپ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے متاثرین کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کی خدمت کرنا ایک عظیم کارِ خیر ہے۔ ان کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن داد و تحسین کی مستحق ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کیمپ میں موجود رضاکاروں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی بے لوث خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب عوام ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کرے گی اور فلاحی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ امدادی کام مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکیں۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، جس پر انجینئر امیر مقام نے اپنی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔









