اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے تین ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان کو اسلام آباد مدعو کیا ہے۔ یہ وہ افراد ہیں جنہوں نے مقامی آبادیوں کو گلاف (گلیشیائی جھیل پھٹنے کے خطرے) کی بروقت اطلاع دے کر 300 انسانی جانیں بچائیں۔
وزیرِاعظم کی ہدایت پر تینوں ہیروز کو خصوصی انعام دیا جائے گا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان نے فرض شناسی اور جرات کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، پوری قوم ان کی خدمات پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے ہیروز ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔ وزیرِاعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایسے بہادر افراد کو ہمیشہ عزت و احترام دیا جائے گا۔









