بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانوی ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو: غربت سے عالمی شہرت اور اربوں کی کمائی تک کا شاندار سفر

لندن(سپورٹس ڈیسک) برطانیہ کی نوجوان ٹینس اسٹار ایما راڈوکانو نے محض چند برسوں میں غربت سے شہرت اور دولت کی بلندیوں تک کا سفر طے کرلیا۔ 2021 میں صرف 18 سال کی عمر میں یو ایس اوپن جیت کر عالمی ٹینس کی تاریخ میں ایک ناقابلِ یقین باب رقم کرنے والی راڈوکانو کے بینک اکاؤنٹ میں چند سال پہلے محض 44 پاؤنڈز تھے، مگر آج وہ تقریباً 13.5 ملین پاؤنڈز (یعنی پاکستانی پانچ ارب روپے سے زائد) کی مالک ہیں۔

یہ دولت انہیں نہ صرف بڑے ٹینس ٹورنامنٹس میں انعامی رقم جیتنے سے ملی بلکہ عالمی برانڈز کی اسپانسرشپ ڈیلز نے بھی ان کی کمائی کو کئی گنا بڑھا دیا۔ Dior، Tiffany & Co، Nike، Wilson، Evian، HSBC اور British Airways جیسے بڑے نام ان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، جس سے وہ کھیل کے میدان سے باہر بھی ایک گلوبل فیشن اور اسپورٹس آئیکون بن چکی ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 2021 کے تاریخی ٹائٹل کے بعد وہ اب تک کوئی نیا WTA ٹائٹل اپنے نام نہیں کر پائیں، اور اس وقت عالمی ویمنز ٹینس رینکنگ میں 39 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ اس کے باوجود، ان کی مقبولیت اور مارکیٹ ویلیو میں کمی نہیں آئی، بلکہ وہ آج بھی دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی نوجوان ایتھلیٹس میں شمار ہوتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، ایما راڈوکانو کی کہانی صرف ایک اسپورٹس اسٹوری نہیں بلکہ ایک برانڈنگ اور مارکیٹنگ کا ماسٹر کلاس ہے، جہاں ایک کھلاڑی کی شخصیت، اسٹائل اور میڈیا اپیل اسے کھیل کے میدان سے باہر بھی کامیابی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔