راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 59 ہو چکی ہے۔ محکمۂ صحت کے مطابق، ان میں سے 28 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت حکام نے 11 لاکھ 44 ہزار سے زائد مقامات کا معائنہ کیا، جن میں سے 93 ہزار سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 895 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 1 ہزار 222 مقامات کو سیل بھی کر دیا گیا۔
اسی دوران، قواعد کی خلاف ورزی پر 62 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے راول ٹاؤن اور پوٹھوہار ٹاؤن ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جبکہ مری میں بھی 62 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔