بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

غزہ کے بچوں کی حالت پر آواز بلند کریں،ترک خاتونِ اول کا میلانیا ٹرمپ کو خط

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی اہلیہ، خاتونِ اول ایمینے ایردوان نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو ایک اہم خط لکھا ہے، جس میں اُن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غزہ میں بچوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر آواز بلند کریں اور اسرائیلی قیادت سے اس مسئلے پر بات کریں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمینے ایردوان نے اپنے خط میں اس امید کا اظہار کیا کہ میلانیا ٹرمپ جس ہمدردی کا مظاہرہ یوکرین میں بچوں کے لیے کر چکی ہیں، وہی جذبہ اب غزہ کے مظلوم بچوں کے لیے بھی دکھایا جائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ  مجھے یقین ہے کہ آپ نے جن 648 یوکرینی بچوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا، وہی احساس غزہ میں بے بس اور مظلوم بچوں تک بھی ضرور پہنچے گا۔
ایردوان نے مزید کہا کہ دنیا اس وقت اجتماعی بیداری کے ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور فلسطین کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کی خواہش زور پکڑ رہی ہے۔ اس تناظر میں میلانیا ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے آواز اٹھانا ایک “تاریخی ذمہ داری” کے طور پر دیکھا جائے گا۔
اس وقت غزہ میں صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ عالمی سطح پر قحط اور غذائی قلت پر نظر رکھنے والے ادارے خبردار کر چکے ہیں کہ غزہ شہر اور اس کے اطراف کے علاقے قحط کی زد میں آ چکے ہیں، اور اگر صورتحال بدلی نہیں گئی تو یہ بحران مزید پھیل سکتا ہے۔ انسانی بحران بڑھنے کی صورت میں اسرائیل پر امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا عالمی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
تاہم اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اس خدشے کو رد کرتے ہوئے اسے “صاف جھوٹ” قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ *”اسرائیل کی پالیسی بھوک سے بچانے کی ہے، مارنے کی نہیں۔
دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی جاری فوجی کارروائیوں میں اب تک 62 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
ایمینے ایردوان کا یہ خط اس وقت سامنے آیا ہے جب عالمی برادری میں غزہ کی صورتحال پر بے چینی اور ردعمل بڑھ رہا ہے، اور کئی حلقے اس انسانی بحران کے خاتمے کے لیے طاقتور شخصیات اور عالمی رہنماؤں سے عملی اقدامات کی امید لگا بیٹھے ہیں۔