بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کا بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے 500 اسکالرشپس کا اعلان

پاکستان نے بنگلہ دیش کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولتے ہوئے ایک اہم تعلیمی اقدام کا اعلان کردیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، پاکستان نے ‘پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور’ کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ پانچ سالوں کے دوران بنگلہ دیشی طلبہ کو 500 اسکالرشپس دی جائیں گی۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ ان اسکالرشپس میں سے 25 فیصد میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان طبی تعاون اور تعلیمی روابط کو فروغ دینا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان اگلے پانچ برسوں کے دوران بنگلہ دیش کے 100 سرکاری افسران کو بھی مختلف تربیتی پروگرامز میں شامل کرے گا، تاکہ انتظامی شعبے میں بھی دو طرفہ تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام (PTAP) کے تحت اسکالرشپس کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ پہلے یہ تعداد صرف 5 تھی، جو اب بڑھا کر 25 کر دی گئی  ۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، اسحاق ڈار، بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس سمیت دیگر اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔