بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اپردیر میں پولیس کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

اپردیر(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اور حملے جاری ہیں۔ اپر دیر، ہنگو اور بنوں میں پیش آنے والے واقعات نے صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔

ضلع اپر دیر میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔ تحصیل دیر کے علاقوں دوبندو، بریکوٹ، سلام کوٹ اور ہاتن درہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ اس آپریشن میں 8 پولیس اہلکار زخمی جبکہ سلام کوٹ کا ایک شہری، یار محمد، شہید ہوگیا۔ ان کی نماز جنازہ رات گئے پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ہلاک دہشتگرد 14 اگست کو پناہ کوٹ دیر میں پولیس وین پر حملے میں ملوث تھے، جس میں 3 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب ہنگو کے علاقے طورہ وڑی میں دوآبہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایف سی قلعے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور 17 زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ادھر بنوں میں چوکی درے پل پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا، جس میں نائب چوکی انچارج زخمی ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یہ واقعات خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں سیکیورٹی ادارے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔