اسلام آباد (ویب ڈیسک) سی ڈی اے نے پانی اور سیوریج چارجز میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ سی ڈی اے بورڈ نے واٹر اینڈ سینیٹیشن چارجز بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس وقت دس مرلہ گھر کا ماہانہ واٹر چارج 280 روپے اور پانچ مرلہ گھر کا 192 روپے ہے، جبکہ نئی تجویز کے مطابق پانچ مرلہ گھر سے کم از کم 500 روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔
سی ڈی اے کے مطابق ادارے کی آمدن سالانہ 40 لاکھ اور اخراجات 4 ارب روپے ہیں۔ آئندہ واٹر اور سیوریج بل ماہانہ بنیادوں پر وصول کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ پانی اور سیوریج چارجز میں آخری مرتبہ اضافہ 2017-18 میں کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے عوامی سماعت 3 ستمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوگی۔ شہریوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ سماعت میں شریک ہو کر اپنی رائے اور تجاویز پیش کریں۔









