لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کے دارالحکومت کے شہریوں کو آئندہ ہفتے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے کچرا اٹھانے کے بل موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔
ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پوش علاقوں اور کمرشل مارکیٹس کو فی مرلہ کے حساب سے بل بھیجے جائیں گے، جبکہ 9 ٹاؤنز میں مرحلہ وار سینی ٹیشن بل تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ بل ریونیو اور آپریشنل فیلڈ سپروائزرز کے ذریعے شہریوں تک پہنچائے جائیں گے۔
بل کی تفصیلات
لاہور میں 5 تا 40 مرلہ عمارتوں کو 300 سے 5000 روپے تک بل ملے گا۔
دیہی علاقوں میں اسی سائز کی عمارتوں پر 200 سے 400 روپے بل وصول کیا جائے گا۔
شہری بل بینک اور آن لائن کیش ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق سینی ٹیشن بلوں کی پرنٹنگ جاری ہے اور اگلے ہفتے سے ان کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔ یہ بل پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیے گئے ہیں۔
پس منظر
حکومت پنجاب نے 7 اگست کو صوبے بھر میں ماہانہ صفائی فیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
رہائشی علاقوں میں فیس 200 روپے سے شروع ہوگی۔
کمرشل علاقوں میں زیادہ سے زیادہ 5000 روپے ماہانہ فیس لی جائے گی۔
شہری اور دیہی علاقوں میں فیس کی شرح مختلف ہوگی۔
محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق بلنگ کا عمل بتدریج ڈیجٹائز کیا جائے گا تاہم ابتدائی طور پر 2 ماہ کے بل پرنٹ کرکے دیے جائیں گے۔









