بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی سے لاہور صرف 5 گھنٹے میں! پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین کا منصوبہ سامنے آ گیا

کراچی ( نیوز ڈیسک) پاکستان ریلوے نے لاہور سے کراچی کے درمیان بلٹ ٹرین منصوبے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ موجودہ 20 گھنٹوں سے کم ہو کر صرف 5 گھنٹے رہ جائے گا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ منصوبہ 2030 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بلٹ ٹرین کے لیے 1215 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ریل لائن تعمیر کی جائے گی، جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت 6.8 ارب ڈالر مالیت کے ایم ایل-1 اپ گریڈ منصوبے کا حصہ ہے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ منصوبے میں چین کی معاونت شامل ہوگی اور اسے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ ٹرین کی زیادہ سے زیادہ رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور یہ راستہ حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال جیسے اہم شہروں سے گزرے گا۔ منصوبے میں نئی دہری پٹڑیوں کی تنصیب، پرانے پلوں کی تعمیر نو اور جدید سگنلنگ سسٹم شامل ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق بلٹ ٹرین منصوبہ عوام کو تیز، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کرے گا۔ اس کے علاوہ ریلوے کے ذریعے مال برداری کی شرح کو موجودہ 4 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مہنگی زمینی ٹرانسپورٹ پر انحصار کم ہوگا اور ایندھن کی درآمد پر اربوں روپے کی بچت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور سے راولپنڈی کے درمیان بلٹ ٹرین منصوبے کی بھی منظوری دے چکی ہیں، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر صرف ڈھائی گھنٹے میں ممکن ہوگا۔