اسلام آباد: گلگت بلتستان میں خطرناک گلیشیئر پھٹنے (گلوف) سے پہلے بروقت اطلاع دے کر 300 انسانی جانیں بچانے والے تین “خاموش ہیروز” وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملے۔
وزیراعظم نے ان کی بہادری اور احساسِ ذمہ داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے نہ صرف اپنی زمین کے لوگوں کو بچایا بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔ یہ عمل سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔
ان تینوں ہیروز — وصیت خان، انصار، اور محمد خان — نے مشکل وقت میں فوری ایکشن لیتے ہوئے بروقت اطلاع دی، جس سے بڑے جانی نقصان کو روکا جا سکا۔
اس ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے تینوں افراد کو نہ صرف تعریفی اسناد دیں بلکہ فی کس 25 لاکھ روپے کا نقد انعام بھی پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جیسے خطوں میں ماحولیاتی خطرات بڑھ رہے ہیں، اس لیے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو پیشگی وارننگ سسٹم پر تیزی سے کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تینوں ہیروز نے پذیرائی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے “ہیروز” کی ملاقات، فی کس 25 لاکھ روپے انعام








