بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارتی حکومت کا فیصلہ کرکٹ بورڈ پر بھاری پڑگیا

نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارت میں آن لائن گیمنگ بل 2025 کے نفاذ کے بعد بی سی سی آئی اور فینٹسی اسپورٹس کمپنی ڈریم 11 کے درمیان اسپانسرشپ معاہدہ ختم ہوگیا۔ اس قانون کے تحت ریئل منی گیمز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈریم 11 نے کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ ریئل منی گیمز بند ہونے کے بعد اس کی آمدنی کے بڑے ذرائع ختم ہوگئے ہیں، اس لیے وہ اسپانسر شپ جاری نہیں رکھ سکے گی۔ کمپنی کا بی سی سی آئی کے ساتھ 2023 سے 2026 تک کا 44 ملین امریکی ڈالر (358 کروڑ بھارتی روپے) کا معاہدہ تھا۔

معاہدے کے تحت بی سی سی آئی کو ڈریم 11 اور مائی 11 سرکل سے مجموعی طور پر سالانہ تقریباً 1000 کروڑ روپے ملتے تھے۔ نئے قانون کے بعد یہ سلسلہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ریئل منی گیمنگ ان کمپنیوں کی آمدنی کا تقریباً 90 فیصد حصہ ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ مائی 11 سرکل کیا فیصلہ کرتی ہے، جو اس وقت آئی پی ایل اسپانسرشپ کے لیے بورڈ کو سالانہ 125 کروڑ روپے دیتی ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم معاہدے کی شق کے مطابق سرکاری قانون کے باعث ڈریم 11 پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہمیشہ قانون کی پاسداری کرتی آئی ہے اور اس بل کی مکمل تعمیل کرے گی۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے اثرات صرف ٹیم اسپانسرشپ تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ کرکٹرز کے انفرادی اشتہارات پر بھی نمایاں منفی اثر پڑے گا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی ٹیم ایشیا کپ میں بغیر لوگو کے شرکت کرے گی۔

بینکوں نے بھی گیمنگ کمپنیوں کے ساتھ لین دین روک دیا ہے، جس سے مالی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔