بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کی پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو قومی اسمبلی کی تمام پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دی  ۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے اپنی بہنوں کے ہمراہ اپنے بھائی سے ملاقات کی کوشش کر رہی تھیں، مگر مسلسل رکاوٹوں کا سامنا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ بالآخر چار ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ممکن ہو سکی۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت تسلی بخش ہے، البتہ ان کی آنکھ میں کچھ مسئلہ ہے جس کے علاج کے لیے عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آنکھوں کے معائنے کے لیے پمز اسپتال کے ماہر ڈاکٹرز کو بلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران پارٹی کے وکلا، جن میں سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر شامل ہیں، کی بھی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے متعلق تشویش لاحق ہے جبکہ انہیں پارٹی رہنماؤں شیرشاہ اور شاہ ریز کی گرفتاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے موجودہ عدالتی فیصلوں اور اپنی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس طرح کی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے ملک میں کرکٹ کے بگڑتے حالات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت دی  کہ وہ قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیں جب کہ ضمنی انتخابات سے متعلق انہوں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں حصہ لینا ان عمل کو قانونی جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا، جس سے گریز کیا جانا چاہیے۔