بلوچستان کے علاقے مچھ کی ڈیگاری کوئلہ کان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں زہریلی گیس بھر جانے کے باعث 3 کان کن زندگی کی بازی ہار گئے۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی کے مطابق یہ حادثہ ایک نجی کان میں پیش آیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور زیر زمین جمع پانی نکالنے کے لیے کان کے اندر گئے، مگر وہاں زہریلی گیس پہلے ہی جمع ہو چکی تھی۔ بدقسمتی سے کان کے اندر گیس سے بچاؤ کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے، جس کے باعث تینوں مزدور بے ہوش ہو کر وہیں دم توڑ گئے۔
حادثے کی اطلاع رات گئے ملی، جس پر محکمہ مائنز کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا، لاشوں کو تحویل میں لیا اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔
چیف مائنز انسپکٹر نے مزید بتایا کہ متاثرہ کان کا معائنہ کیا گیا، اور حفاظتی اقدامات کی سنگین کمی پر اسے فوری طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جان لیوا غفلت برتنے پر کان کے مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو مزدور کوئٹہ کے علمدار روڈ جبکہ ایک ہزارہ ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ واقعہ نے متاثرہ خاندانوں پر غم کا پہاڑ توڑ دیا ہے اور ایک بار پھر کانوں میں مزدوروں کی حفاظت سے متعلق حکومتی اور نجی سطح پر غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے۔









