بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دریاؤں میں طغیانی سے سیلابی صورتحال، وزیراعظم صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، مصدق ملک

 اسلام آباد: وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف دریاؤں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف صورت حال سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریلیف اور ریسکیو کی کارروائیاں مربوط اور تیز رفتاری سے جاری رکھی جائیں۔”
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اس سال بارشوں کی شدت معمول سے کہیں زیادہ ہے اور ستمبر میں ایک اور سپیل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر وزیراعظم نے اگلے سال کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ہدایت بھی دے دی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت موجودہ سیلابی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور آج کے اجلاس میں ریلیف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  وزیراعظم شہباز شریف نہ صرف صورت حال سے باخبر ہیں بلکہ خود تمام سرگرمیوں کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں تمام ڈیموں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کے حوالے سے تازہ ترین معلومات پیش کی گئیں۔
دریاؤں کی موجودہ صورتحال پر ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے آگاہ کیا کہ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔