بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کا 2030 کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے لیے بولی دینے کا اعلان

نیو دہلی(سپورٹس ڈیسک) بھارت نے 2030 کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر بولی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے 2036 اولمپکس کی تیاریوں کی سمت ایک اہم قدم کہا جا رہا ہے۔

انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) کی صدر پی ٹی اوشا نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ تیاریاں تیزی سے آگے بڑھیں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی دوبارہ میزبان کے طور پر زیر غور ہے، جہاں 2010 میں بھی گیمز ہوئے تھے، مگر وہ ایونٹ بدعنوانی اور ناقص سہولیات کے الزامات کی زد میں رہا تھا۔

بھوبنیشور اور احمد آباد کو بھی ممکنہ میزبان شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کو خاص اہمیت حاصل ہے، جو دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم ہے۔

بھارت نے گزشتہ برس 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو خطِ ارادہ جمع کرایا تھا۔ رپورٹس کے مطابق نائیجیریا سمیت تین ممالک 2030 کامن ویلتھ گیمز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

آسٹریلیا کے وکٹوریہ نے مالی مسائل کے باعث میزبانی سے انکار کیا تو نیا میزبان ڈھونڈنا مشکل ہو گیا۔ اب گلاسگو میں محدود طرز کا ایونٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن بھارت مکمل اسکیل پر مقابلہ کرانے کے عزم کے ساتھ سامنے آیا ہے۔

ایگزیکٹو کونسل رکن روہت راجپال کے مطابق اگر بھارت کو میزبانی ملی تو یہ فل اسکیل ایونٹ ہو گا جس میں کبڈی اور کھو کھو جیسے کھیل بھی شامل کیے جا سکتے ہیں تاکہ بھارت اپنی میڈل پوزیشن مضبوط کرے۔

یاد رہے کہ بھارت اولمپک تاریخ میں اب تک صرف 10 گولڈ میڈلز جیت سکا ہے۔