نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک) فیفا نے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (AIFF) کے انتظامی معاملات پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے وارننگ نوٹس جاری کر دیا۔ فیفا نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیڈریشن نے فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے تو معطلی سمیت سخت پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
فیفا کے خط میں کہا گیا ہے کہ اے آئی ایف ایف کو 30 اکتوبر تک معاملات درست کرنے کی ڈیڈ لائن دی جاتی ہے۔ خط میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ فیڈریشن اپنے معاملات آزادانہ طور پر چلائے اور کسی بھی تھرڈ پارٹی، بشمول حکومت، کے اثر سے بچے۔

فیفا نے واضح کیا ہے کہ اے آئی ایف ایف کو بھارتی سپریم کورٹ سے اپنے نظرثانی شدہ آئین کی توثیق کروانی ہوگی اور اسے جنرل کونسل سے بھی منظور کرانا ہوگا۔
فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن (AFC) کے مطابق اگر مقررہ وقت پر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو بھارتی فٹبال فیڈریشن معطلی کا سامنا کر سکتا ہے، جس سے قومی اور کلب سطح پر بھارتی ٹیموں کی انٹرنیشنل شرکت متاثر ہوگی۔









