لاہور (نیوز ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بڑی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لئے بند توڑے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ ڈھائی لاکھ کیوسک پانی راوی اور شاہدرہ سے گزر جائے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حفاظتی بندوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو پہلے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیڈ قادر آباد کی گنجائش 9 لاکھ کیوسک ہے جبکہ ساڑھے 9 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کے بعد وہاں پانی کی سطح میں کمی شروع ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپس میں رہنا آسان نہیں لیکن انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عظمیٰ بخاری نے عوام کو تنبیہ کی کہ بند پر کھڑے ہو کر سیلاب دیکھنے یا بچوں کو پانی میں نہلانے جیسے خطرناک اقدامات سے گریز کیا جائے اور انتظامیہ سے تعاون کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرآباد شہر میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور مرکزی شاہراہ سے پانی اتر چکا ہے۔
مزید کہا کہ فلور ملز سیلاب کو بہانہ بنا کر قیمتیں بڑھا رہی ہیں، لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر روٹی اور آٹے کی قیمت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ سیلاب کے باوجود پنجاب میں گندم کی پیداوار وافر مقدار میں ہوگی۔









