بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیا کپ 2025: امارات کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ خدشات مسترد کر دیے

دبئی (اسپورٹس ڈیسک) امارات کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے خدشات کو مسترد کردیا ہے۔ ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا، جہاں پاکستان اور بھارت کا پہلا ٹاکرا 14 ستمبر اور ممکنہ دوسرا 21 ستمبر کو شیڈول ہے۔ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں روایتی حریفوں کا تیسرا معرکہ بھی ممکن ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل ہیں اور تماشائیوں کو معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں شریک تمام ٹیموں کے بورڈز نے اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر ہی شرکت کی تصدیق کی ہے، اس لیے بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ شائقین کی طرف سے بھی بائیکاٹ کا کوئی امکان نہیں، ہاؤس فل اسٹیڈیم کی توقع ہے۔ جعلی ٹکٹوں کی فروخت کے پیش نظر ایشین کرکٹ کونسل اور ای سی بی نے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ آفیشل اعلان سے قبل کسی غیر تصدیق شدہ پلیٹ فارم سے ٹکٹ نہ خریدیں۔ ٹکٹس کے لیے ایک ایجنسی سے معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور جلد آن لائن فروخت شروع ہوگی۔

سبحان احمد نے بتایا کہ دبئی میں پاک بھارت شائقین کے لیے علیحدہ اسٹینڈز مختص کرنے کی کوئی ہدایت نہیں ملی، تماشائی ماضی کی طرح ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھ سکیں گے۔ شارجہ میں صرف پاک افغان سیریز کے دوران علیحدگی کی ہدایت دی گئی تھی، البتہ ایشیا کپ کا کوئی میچ شارجہ میں شیڈول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے آغاز پر کوئی بڑی افتتاحی تقریب نہیں ہوگی بلکہ ایونٹ کا آغاز سادہ انداز میں کیا جائے گا۔