بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کی پیش رفت، پاور ڈویژن کی رپورٹ جاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاور ڈویژن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر تازہ رپورٹ جاری کر دی۔

رپورٹ کے مطابق پیسکو کے علاقوں سوات، بنر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں 12 گرڈ اسٹیشن اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 79 فیڈرز مکمل جبکہ 12 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے۔

گیپکو کے زیر انتظام سیالکوٹ، نارووال، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 10 گرڈ اسٹیشن اور 86 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 62 فیڈرز مکمل اور 19 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔

لیسکو کے لاہور، قصور اور اوکاڑہ ریجن میں 46 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں جبکہ مکمل بحالی 31 اگست سے یکم ستمبر تک متوقع ہے۔

فیسکو کے زیر انتظام چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان میں 15 گرڈ اسٹیشن اور 43 فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے گئے ہیں۔

میپکو کے علاقوں میں 11 گرڈ اسٹیشن اور 63 فیڈرز متاثر ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پانی اترتے ہی ان متاثرہ فیڈرز کی بحالی فوری شروع کی جائے گی۔

ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان میں 2 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں جبکہ مکمل بحالی 5 ستمبر تک متوقع ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق ڈسکوز کی فیلڈ ٹیمیں دن رات بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔