بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کینیڈا میں پاکستانی اور بھارتی ہائی کمشنرز کے درمیان اہم ملاقات

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت نے مختلف ممالک میں ایک دوسرے کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کے ساتھ سفارتی سطح پر تعلقات بڑھانے کا اشارہ دے دیا ہے۔

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر ظہیر اسلم جنجوعہ اور بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

نئی دہلی میں بھارتی دفتر خارجہ کے ذرائع نے جنگ سے بات کرتے ہوئے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے ہائی کمشنرز کے درمیان انتہائی اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔

تاہم ذرائع نے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ بھارتی دفتر خارجہ اس ملاقات کو اہم قرار دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی یہ کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پر آنا چاہئے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور کینیڈا کے جسٹن ٹرڈو کے درمیان جرمنی میں اہم ملاقات ہورہی ہے۔ جبکہ کینیڈا بھی پاک بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ اجے بساریہ تقریبا دو سال پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر رہ چکے ہیں۔

انہیں اگست 2019 میں اس وقت پاکستان سے واپس بھیج دیا گیا تھا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا۔ جس کے بعد بھارت نے اجے بساریہ کو کینیڈا میں ذمہ داریاں سونپ دی تھیں۔