وزیرِاعظم شہباز شریف کل سے 4 ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیرِاعظم لی چیانگ سے ملاقاتیں طے ہیں، اس دوران پاک چین تعلقات کے کثیر الجہتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف دوسری جنگِ عظیم میں فاشزم کی شکست کی 80 ویں سالگرہ پر بیجنگ میں ہونے والی فوجی پریڈ میں شریک ہوں گے۔
شہباز شریف کی چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، معاشی اور سرمایہ کاری کے تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیراعظم بیجنگ میں پاک چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل ہے، دورے میں سی پیک فیز ٹو کی پیشرفت پر بھی بات ہوگی۔









