بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب میں سیلابی ریلے، بستیاں اجڑ گئیں، ہزاروں افراد بے گھر

لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیموں سے چھوڑے گئے پانی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ سیلابی ریلوں نے بستیاں اجاڑ دیں اور ہزاروں افراد کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف جانا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق دریائے چناب اور ستلج میں طغیانی کے باعث جھنگ، چنیوٹ، بہاولنگر اور پاکپتن سمیت کئی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ جھنگ میں مائیں بچوں کو سنبھالے جان بچانے نکل کھڑی ہوئیں جبکہ چنیوٹ کے گاؤں ہرسہ بُلہا کے 5 ہزار مکین سڑکوں پر آ گئے۔ متاثرین نے کھانے پینے، کشتیوں اور کیمپوں کے فوری انتظام کا مطالبہ کیا ہے۔

دریائے چناب کا ریلا موٹر وے ایم ٹو تک پہنچ گیا، اسپیل وے کھولنے کے بعد پانی کئی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ گنڈا سنگھ والا میں 15 سے 20 فٹ پانی جمع ہو گیا ہے اور متعدد دیہات مکمل طور پر ڈوب چکے ہیں۔ کئی خاندان گھروں کی چھتوں پر محصور ہیں اور ریسکیو کے منتظر ہیں۔

رنگ پور کے متاثرین نے مدد کی اپیل کی ہے جبکہ دریائے ستلج نے بہاولنگر اور پاکپتن کے درجنوں دیہات ڈبو دیے۔ حویلی لکھا میں لوگ چارپائیوں اور ڈرموں سے بنائی گئی عارضی کشتیوں کے ذریعے اپنی جانیں بچانے پر مجبور ہوگئے۔