بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی جاری، 356 میں سے 354 فیڈرز بحال

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاور ڈویژن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی پر تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیسکو کے علاقوں سوات، بنوں، شانگلہ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے تھے جن میں سے 84 مکمل اور 7 جزوی طور پر بحال ہو گئے ہیں۔ صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

گیپکو کے علاقوں سیالکوٹ، نارووال، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 10 گرڈ اور 87 فیڈرز متاثر ہوئے۔ ان میں سے 68 فیڈرز مکمل جبکہ 17 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔

لیسکو کے تحت لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ میں 56 متاثرہ فیڈرز جزوی طور پر بحال کیے گئے ہیں۔ مکمل بحالی 31 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان متوقع ہے۔

فیسکو کے علاقوں فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 17 گرڈ اور 53 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے گئے ہیں۔

میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 67 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق پانی اترتے ہی بحالی کا عمل فوری شروع کر دیا جائے گا۔

ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان میں 2 متاثرہ فیڈرز عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں جبکہ مکمل بحالی 5 ستمبر تک متوقع ہے۔

مجموعی طور پر 39 گرڈ اور 356 متاثرہ فیڈرز میں سے 152 مکمل اور 202 جزوی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ پاور ڈویژن نے کہا کہ ڈسکوز کی ٹیمیں دن رات بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد مکمل بحال کر دی جائے گی