بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب متاثرین کی ہنگامی امداد کا اعلان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ منظور کر لی۔

اے ڈی بی کے صدر ماساتو کانڈا تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے لاہور میں دریائے راوی کا دورہ کیا اور امدادی پیکج کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں، ایسے وقت میں اے ڈی بی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سیلاب متاثرین کے لیے ہمدردی کے ساتھ توانائی، ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت اور شہری ترقی کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ماساتو کانڈا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو مثبت قرار دیا اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا ذکر کیا۔

اے ڈی بی صدر نے اسلام آباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ون ونڈو سینٹر کا دورہ کیا اور لاہور میں پائیدار ایوی ایشن فیول فیکٹری کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کاروباری رہنماؤں اور حکومتی وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اے ڈی بی نے حال ہی میں ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ کے لیے 410 ملین ڈالر کے پیکج کی منظوری دی، جو 40 سال بعد مائننگ سیکٹر میں بینک کی واپسی ہے۔

1966 سے اب تک اے ڈی بی پاکستان کو 43 ارب ڈالر سے زائد کی مالی معاونت دے چکا ہے۔ موجودہ پورٹ فولیو میں 9 ارب ڈالر مالیت کے 44 منصوبے شامل ہیں۔