کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں 9 سال بعد ہفتے کو شارجہ میں ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ 2016 ورلڈکپ میں میرپور میں ہوا تھا، جہاں شاہد آفریدی کی قیادت میں گرین شرٹس نے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس میچ میں عمر اکمل اور شعیب ملک نے ناقابل شکست 114 رنز کی شراکت سے ٹیم کو فتح دلائی تھی۔ اب ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان ایک بار پھر کامیابی کے لیے پُرعزم ہے جبکہ میزبان ٹیم نے بھی بلند عزائم ظاہر کیے ہیں۔
یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے کہا ہے کہ ایشیا کی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو ہرا چکے ہیں، اسی اعتماد کے ساتھ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، کئی ینگسٹرز بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔ شارجہ ہمارے لیے ہوم گراؤنڈ جیسا ہے اور تیاریوں کو دیکھتے ہوئے یقین ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔









