نیویارک (ویب ڈیسک)یو ایس اوپن ٹینس کے دوران ایک یادگار منظر دیکھنے میں آیا، جب بیلاروس کی اسٹار ٹینس کھلاڑی آرائنا سبالینکا اور کینیڈا کی لیلا فرنینڈز کے میچ کے دوران ایک نوجوان نے اپنی محبوبہ کو سب کے سامنے شادی کی پیشکش کردی۔
اس انوکھے اور رومانوی لمحے نے نہ صرف اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو حیران کیا بلکہ سب کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔ تماشائیوں نے منظر کو اپنے موبائل پر ریکارڈ کیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد یہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔
کمنٹیٹرز بھی اس موقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور اسے یو ایس اوپن کا یادگار لمحہ قرار دیا۔
میچ کے بعد آرائنا سبالینکا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران کھیل اس طرح کا منظر دیکھنا ان کے لیے پہلی بار کا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ خوشگوار اور خوبصورت تھا، اگرچہ ان کی توجہ میچ پر مرکوز رہی۔
سبالینکا نے نئے جوڑے کو زندگی کے سفر کے آغاز پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









