بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستانی باکسرز کی چین میں شاندار کارکردگی

اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) چین میں جاری تھرڈ بیلٹ اینڈ روڈ انٹرنیشنل باکسنگ گالا میں پاکستانی خواتین اور مرد باکسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ میں دنیا کے 26 ممالک کی 34 ٹیمیں شریک تھیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک آرمی کی باکسر عائشہ ممتاز ویمنز انڈر 18 کی 48 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پہنچیں اور پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتا۔ اس کامیابی کو ملک کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

ویمنز مقابلوں میں پاکستان کی ملائکہ زاہد اور ماریا بھی سیمی فائنل میں پہنچی ہیں، جسے ماہرین پاکستانی خواتین باکسنگ کے لیے بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

مرد باکسرز میں بھی عمدہ کارکردگی دیکھنے کو ملی۔ پاک آرمی کے قدرت اللہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ پنجاب کے حذیفہ راحیل اور خیبر پختونخوا کے ضمیر علی کوارٹر فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کی چیئرپرسن بیگم عشرت اشرف نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے نہ صرف میڈلز جیتے بلکہ جرأت، ڈسپلن اور عزم کے ساتھ دنیا کو متاثر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر خواتین باکسرز کی کارکردگی کو تاریخ ساز قرار دیا۔

صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز نے کہا کہ خواتین باکسرز کی کامیابی پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ بیٹیوں نے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان عالمی باکسنگ میں ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو سخت محنت، جدید تربیت اور بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں، یہی ان شاندار نتائج کی بنیاد ہے۔ ناصر اعجاز نے مزید کہا کہ کوچز کی انتھک محنت اور قومی ٹریننگ کیمپ میں کی جانے والی تیاریوں نے ان فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی باکسنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں آنے والے وقت میں مزید فتوحات کی بنیاد رکھیں گی اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔