بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بحرینی چیف آف اسٹاف کا پاکستان ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ ،دفاعی تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق

بحرین کی ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف، لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل النعیمی نے پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے نہایت خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، اور تربیتی و تکنیکی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ اور بحرین کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے ہماری افواج کے گہرے اور پائیدار تعلقات کی بنیاد ہیں۔ ہم بحرین کے ساتھ اپنے عسکری تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملاقات میں دو طرفہ فوجی تربیت، مشترکہ مشقوں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کو وسعت دینے پر خاص زور دیا گیا۔ ایئر چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NASTP) کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی، جسے بحرینی مہمان نے بھی سراہا۔
لیفٹیننٹ جنرل النعیمی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، خود انحصاری، اور جدید فضائی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ملٹی ڈومین آپریشنز، سائبر وارفیئر، اور جدید تربیت کے شعبوں میں قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  بحرینی پائلٹس اور انجینئرز کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرامز دونوں ممالک کے درمیان دفاعی رشتے کو نئی جہت دے سکتے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران، بحرینی چیف آف اسٹاف نے نیشنل ISR اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔