بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج شارجہ میں اہم ٹی 20 مقابلہ

شارجہ(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کا اہم میچ آج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کی نظریں فائنل میں جگہ پکی کرنے پر ہیں جبکہ شائقین کرکٹ ایک بار پھر سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔

پاکستانی ٹیم اب تک سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے۔ پہلے میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی اور دوسرے میچ میں میزبان یو اے ای کو 31 رنز سے مات دی۔ ان فتوحات نے گرین شرٹس کا مورال بلند کر دیا ہے۔ آج کے میچ میں صائم ایوب اور حسن نواز بیٹنگ لائن کے اہم کردار ہوں گے جبکہ بولرز پر ڈیتھ اوورز میں ذمہ داری ہوگی۔

دوسری جانب افغانستان اپنے پہلے میچ کی ناکامی کے بعد کم بیک کے لیے پرعزم ہے۔ کپتان راشد خان اسپن بولنگ سے ٹیم کو سہارا دیں گے، جب کہ رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران اور محمد نبی پر بیٹنگ میں بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ہوگی۔ افغان بولنگ لائن میں مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی بھی پاکستان کے بیٹرز کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔ اسکواڈ میں فخر زمان، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، محمد نواز، ابرار احمد، حارث رئوف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔ افغانستان کی قیادت راشد خان کے سپرد ہے جبکہ ٹیم میں محمد نبی، گلبدین نائب، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت اور نور احمد جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم ہمیشہ پاکستان کے لیے خوش قسمت رہا ہے۔ یہاں قومی ٹیم نے اب تک 126 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں سے 83 میں کامیابی حاصل کی۔ ٹی 20 فارمیٹ میں بھی پاکستان نے شارجہ میں کھیلے گئے 10 میں سے 7 میچز جیتے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 8 ٹی 20 کھیلے گئے ہیں، جن میں 5 میں پاکستان اور 3 میں افغانستان نے کامیابی حاصل کی۔ شارجہ میں دونوں ٹیمیں 6 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جہاں پاکستان نے 4 فتوحات اپنے نام کیں اور 2 میچ افغانستان کے حصے میں گئے۔

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے۔ افغانستان کے لیے یہ ایشیا کپ 2025 کی تیاری کا موقع ہے جبکہ پاکستان کے لیے کھلاڑیوں کی فارم جانچنے کا بہترین وقت ہے۔ شائقین کرکٹ آج ایک اور یادگار اور سنسنی خیز مقابلے کے لیے پرجوش ہیں۔