شارجہ (اسپورٹس ڈیسک) افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
راشد خان نے یہ اعزاز 98 میچز میں 165 وکٹیں حاصل کرکے اپنے نام کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی کے پاس تھا، جنہوں نے 126 میچز میں 164 وکٹیں لی تھیں۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، جواب میں یو اے ای کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 150 رنز ہی بنا سکی۔
سیریز کا چوتھا میچ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت کر پہلے ہی شاندار آغاز کرچکا ہے۔









