بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدریورپی یونین ارسلا فان ڈیر لائن کا جہاز حادثے سے بال بال بچ گیا، روس پر الزام

صوفیہ (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کو لے جانے والا طیارہ بلغاریہ میں لینڈنگ کے دوران جی پی ایس جیمنگ کا شکار ہوگیا۔ خوش قسمتی سے جہاز بحفاظت لینڈ کرگیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یورپی کمیشن کی نائب ترجمان اریانا پوڈیسٹا نے کہا کہ بلغاریہ کے حکام نے جی پی ایس سسٹم میں اس مداخلت کو روس سے جوڑا ہے۔ نیویگیشن سسٹم ناکارہ ہونے پر پائلٹس نے کاغذی نقشوں کے ذریعے جہاز کو زمین پر اتارا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارسلا فان ڈیر لائن مشرقی یورپی ممالک کے دورے پر تھیں تاکہ یوکرین کے لیے مزید حمایت حاصل کی جا سکے۔ وہ یورپ کی ان نمایاں رہنماؤں میں شامل ہیں جو کھل کر کیف کی حمایت کرتے ہیں اور رکن ممالک پر زور دیتی رہی ہیں کہ یوکرین کو زیادہ سے زیادہ وسائل اور امداد فراہم کی جائے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ صدر کے دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کیونکہ وہ خود براہ راست روسی خطرات کا سامنا دیکھ رہی ہیں۔ حکام کو تاحال یہ علم نہیں کہ آیا یہ مداخلت براہِ راست اسی پرواز کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی یا یہ عام جیمنگ سرگرمی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی اسکینڈینیوین اور بالٹک ممالک روس پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ جی پی ایس سگنلز میں مداخلت کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق روس اپنے فوجی اڈوں اور کالینن گراڈ کے علاقے سے اس قسم کی کارروائیاں انجام دیتا رہا ہے۔

یورپی یونین روس پر پہلے ہی کئی اداروں اور شخصیات کے خلاف پابندیاں لگا چکی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تازہ واقعہ مزید سخت اقدامات کا باعث بن سکتا ہے۔